کشمیریوں پر ظلم ہمارے صبر کی آزمائش ہے، جنرل قمر جاوید باجوہ کی للکار

0

کشمیر ہندوتوا کی ہندوستانی حکومت کے ظلم و ستم کا شکار ہے ریاستی دہشت گردی عروج پر ہے ہندوستانی قیادت نے مذہبی جنونیت، تعصب، تنگ نظری اور طاقت کے زعم میں کشمیریوں کے حقوق پر حملہ کیا جو عالمی برادری کیلئے چیلنج ہے۔۔

راولپنڈی (میزان نیوز) پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کشمیریوں پر ظلم ہمارے صبر کی آزمائش ہے لیکن پاکستان کشمیریوں کو کبھی تنہا اور حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گا، راولپنڈی میں یوم دفاع و شہدا کی مناسبت سے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں مرکزی تقریب منعقد ہوئی، جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی، اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ آج میں واضح کردینا چاہتا ہوں کہ کشمیر، تکمیلِ پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے اور یہ اس وقت تک رہے گا جب تک اس کا حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی اُمنگوں کے مطابق نہیں ہوجاتا، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ ہمارے جوانوں کی کامیابیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی، حالیہ برسوں میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری کامیابیاں باقی دنیا کیلئے ایک مثال ہے، پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ یہ ایک لمبی اور مشکل جنگ تھی، جس میں ہمارے جوانوں نے اپنا کل ہمارے آج کے لیے قربان کردیا لیکن پاکستان کے دشمنوں کو ان کے ارادوں میں کامیاب نہیں ہونے دیا، انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ آج پاکستان میں امن کی فضا قائم ہے اور آج کا پاکستان امن و سلامتی کا پیغام دیتا ہے جو خطے اور پوری دنیا کے لیے بھی ہماری قربانیوں اور تعاون کی ایک مثال ہے، بات کو جاری رکھتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے پوری کی ہیں، اب اقوامِ عالم کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر طرح کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کو عملی طور پر رد کرے، ہمارا فرض ہے کہ آنے والی نسلوں کو ایک محفوظ اور روشن مستقبل دیں، انہوں نے کہا کہ آج کا پُرامن اور بدلتا ہوا پاکستان دنیا کیلئے امن، ترقی و رواداری کا پیامبر ہے، ایک پُرامن، مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان ہماری منزل ہے اور ہم پوری حکمتِ عملی سے اپنی منزل کی جانب سفر جاری رکھے ہوئے ہیں، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ دہشت گردی کے عفریت سے کامیابی سے لڑنے کے بعد اب ہماری جنگ غربت، بے روزگاری، جہالت اور معاشی پسماندگی کے خلاف ہے تاکہ ہمارے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہ جائیں، انہوں نے کہا کہ آج جب ہم ایک روشن پاکستان کی بات کرتے ہیں تو ہمارا دل مقبوضہ کشمیر میں موجود اپنے بھائیوں کی تکلیفوں، مصیبتوں اور بڑھتی مشکلات کے باعث نہایت بے چین ہے، آرمی چیف نے کہا کہ آج کا کشمیر ہندوتوا کی پیروکار ہندوستانی حکومت کے ظلم و ستم کا شکار بن چکا ہے، ریاستی دہشت گردی اپنے عروج پر ہے، کشمیری خون ارزاں ہوچکا اور جنت نظیر وادی ظلم کی آگ میں جل رہی ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ ہندوستانی قیادت نے مذہبی جنونیت، تعصب، تنگ نظری اور طاقت کے زعم میں کشمیریوں کے حقوق پر جو حملہ کیا ہے وہ بلا شبہ ہمارے اور پوری عالمی برادری کیلئے ایک چیلنج ہے۔

Share.

About Author

Leave A Reply