عمران خان کا کراچی کیلئے 162 ارب روپے کےخصوصی پیکج کا اعلان

0

شہر قائد کیلئے عمران حکومت کے خصوصی پیکج میں مجموعی طور پر 18 تجویز کردہ منصوبے ہیں جس میں پبلک ٹرانسپورٹ کے 10 منصوبے اور سیوریج اور پانی کے 7 منصوبے ہیں کراچی میں پانی بچانے کیلئے مہم شروع کی جائے گی ۔۔۔۔

کراچی (میزان نیوز) پاکستان وزیرِاعظم عمران خان نے ٹرانسپورٹ، سیوریج اور پانی کے منصوبوں سے متعلق کراچی کیلئے 162 ارب روپے کے خصوصی پیکج کا اعلان کردیا، گورنر ہاؤس میں اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی کی ترقی پورے پاکستان کیلئے ضروری ہے، اس شہر کیلئے کیے گئے اپنے وعدوں کو نہیں بھول سکتے، انہوں نے کہا کہ کراچی کا ماسٹر پلان بھی ایک مسئلہ ہے کیونکہ اگر طیارے میں سفر کرتے ہوئے نیچے دیکھیں تو ایسا لگتا ہے کہ پورے شہر میں کنکریٹ بکھرا ہوا ہے، یہاں سبزہ دکھائی نہیں دیتا، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی شہر پھیلتا جارہا ہے اور شہر جتنا پھیلتا ہے اس کیلئے اتنے ہی مسائل بڑھتے ہیں، تاہم اب ہم چاہتے ہیں کہ شہرِ قائد کو پھیلنے سے روکا جائے اور یہاں کثیرالمنزلہ عمارتیں بنائی جائیں، انہوں نے کہا کہ کراچی کے ماسٹر پلان کی تیاری تک اس کیلئے عبوری اقدامات اٹھائے جائیں کیونکہ اگر یہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے تو آئندہ ڈھائی سال کے اندر پتہ نہیں یہ شہر کہاں پہنچ جائے گا، وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے گورنر سندھ عمران اسمٰعیل اور کراچی کی انتظامیہ کو کہا ہے کہ وفاقی حکومت انہیں مدد کرے گی، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 45 کھرب روپے ٹیکس کی مد میں جمع ہوتے ہیں جس میں سے 2 کھرب روپے قرضے کی ادائیگی کی مد میں چلے جاتے ہیں، اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس آمدن میں سے تقریباً ڈھائی ارب روپے صوبوں کو چلے جاتے ہیں جبکہ دفاعی شعبے کیلئے بھی وفاق کو 17 سو ارب روپے رکھنے ہوتے ہیں، تاہم اس طرح مالی سال کا آغاز ہی خسارے پر ہوتا ہے، سندھ حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی کا مسئلہ حکومتِ سندھ کی ذمہ داری ہے کیونکہ اندرونِ سندھ سے ایک جماعت الیکشن جیت جاتی ہے اور پھر گزشتہ دس سال میں اس نے کراچی کے ساتھ کیا کیا وہ سب کے سامنے ہے، وزیراعظم نے کراچی کیلئے 162 ارب روپے کے خصوصی پیکج کا اعلان کیا جس میں مجموعی طور پر 18 تجویز کردہ منصوبے ہیں، ان منصوبوں میں پبلک ٹرانسپورٹ کے 10 منصوبے اور سیوریج اور پانی کے 7 منصوبے ہیں، انہوں نے کہا کہ میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ ہم کراچی میں پانی بچانے کیلئے مہم چلائیں گے جس کیلئے شہری انتظامیہ تیاری کرے، کیونکہ آج تک پاکستان میں اس کی منصوبہ بندی نہیں کی گئی۔

Share.

About Author

Leave A Reply