چینی کمپنی لاہور میں اسپورٹس ویئر میں 15 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرئیگی

0

شنگھائی سے تعلق رکھنے والی کمپنی چیلنج کا یہ منصوبہ ممکنہ طور پر پاکستان کی برآمداتی صنعت میں پہلی براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ہے یہ کمپنی پہلے ہی 2017 سے چیلنج اپیریل کے نام سے لاہور کے ملتان روڈ پر گارمنٹ تیار کررہی ہے۔۔۔

لاہور (میزان نیوز) ایک چینی کمپنی لاہور اور قصور کی سرحد پر ایک صنعتی پارک میں 15 کروڑ ڈالر کی لاگت سے گارمنٹ یونٹ لگانے کیلئے سرمایہ کاری کررہی ہے، جس میں امریکا، یورپ، ایشیا پیسفک اور دنیا کے دیگر خطوں کو پاکستان سے کھیلوں میں استعمال ہونے والے لباس برآمد کرنے کیلئے کپڑے کا جدید ترین یونٹ، رنگائی اور لباس تیار کرنے سہولیات موجود ہوں گی، شنگھائی سے تعلق رکھنے والی کمپنی چیلنج کا یہ منصوبہ ممکنہ طور پر پاکستان کی برآمداتی صنعت میں پہلی براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ہے، یہ کمپنی پہلے ہی 2017 سے چیلنج اپیریل کے نام سے لاہور کے ملتان روڈ پر گارمنٹ تیار کرنے کا یونٹ چلارہی ہے اور کمپنی کے مینیجنگ ڈائریکٹر کے مطابق گزشتہ مالی سال 4 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا برآمداتی ریونیو کمایا گیا، مینیجنگ ڈائریکٹر کے مطابق انہیں اپنے موجودہ یونٹ سے رواں مالی سال 5 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی برآمدات ہونے کی توقع ہے، دوسری جانب آئندہ برس جولائی تک جب چیلنج فیشنن انڈسٹریل پارک فعال ہوجائے گا تو پاکستان سے اس کی اسپورٹس ویئر برآمدات پہلے مالی سال میں 12 کروڑ ڈالر اور آئندہ چند برسوں میں 40 کروڑ ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے، پاکستان کی سب سے بڑی ٹیکسٹائل کمپنی کی بھی برآمدات گزشتہ مالی سال کے دوران 30 کروڑ ڈالر سے کم رہی تھیں، کمپنی کی مینیجنگ ڈائریکٹر نے ڈان کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ ہماری مکمل پیداوار برآمدات کیلئے ہے، ہم دنیا بھر سے سب سے مؤثر، جدید اور ماحول دوست ٹیکنالوجی پاکستان لا رہے ہیں اور ہمارا مقصد پاکستان کو پولیسٹر سے بنے اسپورٹس ویئر کا حب بنانا ہے، اس وقت کمپنی میں 28 چینی شہریوں سمیت 3 ہزار ملازمین کام کرتے ہیں اور جب انڈسٹریل پارک مکمل طور پر فعال ہوجائے گا تو یہاں 10 سے 11 ہزار نوکریاں پیدا ہوں گی، چیلنج کی چین سے برآمدات کا حجم 15 کروڑ ڈالر ہے اور چین میں تیار ہونے والی مصنوعات اوسطاً 20 ڈالر میں فروخت ہوتی ہے اس کے مقابلے میں کمپنی کی لاہور میں یونٹ پرائس اوسطاً 8-9 ڈالر ہے جو پاکستانی گارمنٹ کمپنیوں کی اوسطاً یونٹ پرائس 4 ڈالر سے دگنی ہے، کمپنی عہدیدار کا کہنا تھا کہ یونٹ پرائس کا فرق کپڑے کی کوالٹی کی وجہ سے ہے، اگر آپ اعلیٰ معیار کی چیز دے رہے ہیں تو صارف سے کوئی بھی رقم لے سکتے ہیں، پاکستانی کاٹن سے بنی گارمنٹ مقامی کپاس کے کم معیار کی وجہ سے کم یونٹ پرائس رکھتی ہیں۔

Share.

About Author

Leave A Reply