پنجاب پولیس نے گاڑی نہ روکنے پر ایک اور بیگناہ کی جان لے لی

0

سی پی او فیصل آباد سہیل احمد کے مطابق گاڑی میں سوار تمام لوگ نہتے تھے اور نہتے لوگوں پر فائرنگ کرنے کا کوئی جواز نہیں ہم نے واقعے میں ملوث تمام پولیس عملے کو رات کو گرفتار کر لیا اور انکے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرلی گئی ہے۔۔۔

لاہور (میزان نیوز) پاکستان کے شہر فیصل آباد کے قریب سمندری روڈ پر بدھ کی رات ایک پولیس کی فائرنگ سے سمندری کا رہائشی سردار وقاص گجر ہلاک ہوگیا، پولیس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پنجاب ہائی وے پولیس (پی ایچ پی) کے انچارج اے ایس آئی شاہد منظور اور ان کی ٹیم نے گاڑی میں سوار چار لوگوں کو روکنے کی کوشش کی، تاہم ان کی جانب سے گاڑی نہ روکنے پر پولیس کی جانب سے گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس کے بعد گاڑی کا ڈرائیور وقاص گجر کے سینے پر گولی لگی اور وہ ہلاک ہو گیا جبکہ گاڑی میں سوار دیگر تین مسافر بھی اس واقعے میں زخمی ہوئے، سی پی او فیصل آباد سہیل احمد کا کہنا تھا کہ اس معاملے کی تحقیقات کیلئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے اور میں خود اس کی مانیٹرنگ کررہا ہوں، ابتدائی تحقیقات کے مطابق پولیس اہلکاروں نے کالے رنگ کی ایک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی لیکن وہ نہیں رکی، جب گاڑی میں سوار مسافروں نے گاڑی چھوڑ کر بھاگنے کی کوشش کی تو اسی دوران گاڑی پر فائرنگ بھی کی گئی، جس کے نتیجے میں وقاص کو گولی لگی، ان کا مزید کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے بعد اب تک یہ بات سامنے آئی ہے کہ پولیس کے عملے نے زیادتی کی ہے اور ڈیوٹی کی پاداش سے آگے بڑھ کر کام کیا، سی پی او فیصل آباد سہیل احمد کا کہنا تھا کہ گاڑی میں سوار تمام لوگ نہتے تھے اور نہتے لوگوں پر فائرنگ کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا تھا، اس لئے ہم نے اس واقعے میں ملوث تمام پولیس عملے کو رات کو گرفتار کر لیا تھا اور ان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرلی گئی ہے۔

Share.

About Author

Leave A Reply