پاکستان کا مالیاتی خسارہ ہدف سے دوگنا بڑھ گیا ہے،آئی ایم ایف

0

مالیاتی خسارے میں اضافے کی بڑی وجہ توانائی کا بحران اور شاہ خرچیاں جن پر کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے

کراچی (میزان نیوز) بین الاقوامی مالیاتی ادارے نے پاکستان سے متعلق اپنی رپورٹ جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کا مالیاتی خسارہ ہدف سے دوگنا بڑھ گیا ہے، جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کا مالیاتی خسارہ ہدف سے دگنا ہوگیا ہے اور مہنگائی کی شرح بھی تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہے، رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کا مالیاتی خسارہ چار فیصد تک محدود رکھنا تھا، مالیاتی خسارے میں اضافے کی بڑی وجہ توانائی کا بحران اور شاہ خرچیاں جن پر کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے، آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان کو ٹیکس آمدن بڑھانے کی ضرورت ہے جس کے ذریعے مالیاتی خسارے پر کنٹرول کیا جاسکتا ہے، پاکستان میں زرمبادلہ کے ذخائر دس ارب ڈالر تک رہے، پاکستان کو مالیاتی انتظام بہتر کرنے کی بھی ضرورت ہے۔

دوسری طرف فاریکس مارکیٹس میں روپے کی قدر مسلسل زوال پذیر ہے بدھ  کو امریکی ڈالر نے کرنسی مارکیٹوں میں پاکستانی روپے کو چت کردیا اور ڈالر کی قیمت نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، ڈیلرز کے مطابق ڈالر میں سرمایہ کاری سمیت بیرونی اور درآمدی ادائیگیوں کا دباؤ روپے کی قدر میں زوال کا سبب بنا۔۔بدھ کو انٹر بینک اور اُوپن کرنسی مارکیٹس میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر تاریخ کی نئی بلندترین سطح پر پہنچ گئی، انٹر بینک میں ڈالر پچیس پیسے مزید مہنگا ہوکر چھیانوے روپے سینتالیس پیسے پر بند ہوا، اسی طرح اُوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت بیس پیسے کے اضافے سے تاریخ میں پہلی بار ستانوے روپے پچاس پیسے پر پہنچ گئی۔

Share.

About Author

Leave A Reply