نویں محرم کے جلوس عزا اختتام پذیر شب عاشور کی عزداری جاری ہیں

0

پاکستان میں نویں محرم کی عزاداری کے حوالے سے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مرکزی مجالس عزا منعقد ہوئیں اور جلوس عزا برآمد کئے گئے کراچی میں مرکزی جلوس عزا نشتر پارک سے برآمد ہوکر حسینہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوا۔۔۔

کراچی (میزان نیوز) پاکستان، ایران، عراق، سعودی عرب، ہندوستان، افغانستان، شام، مصر، آذربائیجان، ترکی سمیت دنیا بھر میں نویں محرم یعنی تاسوعاء حسینیؑ کی عزاداری پورے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے اور دنیا کے لاکھوں عقیدت مند شہدائے کربلا کی یاد میں اشک غم بہا رہے ہیں اور سینہ زنی کر رہے ہیں، نو محرم کا دن جسے ایران اور عرب ممالک میں تاسوعاء حسینی کہا جاتا ہے، عربی زبان کے لفظ تسع سے ماخوذ ہے جس کے معنی نو اور نھم ہوتے ہیں، نو محرم سنہ 61 ھجری کو سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے اصحاب با وفا یزیدیوں کے محاصرے میں تھے اور اہلبیت رسولؐ پر پانی بند تھا، نو محرم خاندان رسولؐ پر انتہائی سخت دن تھا یہی وجہ ہے کہ محبان اہلبیت اطہار(ع) اس دن کو انتہائی غم و اندوہ کے ساتھ مناتے ہیں، نویں محرم یعنی تاسوعائے حسینیؑ کے موقع پر پورے پاکستان کے چھوٹے بڑے شہروں میں مرکزی مجالس عزا منعقد ہوئیں اور بعد ازاں جلوس عزا برآمد کئے گئے، ایران میں مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے جبکہ عزادران سید الشہدا سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی دستوں کی شکل میں نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے ہوئے مختلف شاہراہوں پر رواں دواں ہیں، ہر طرف سیاہ پرچم لگے ہوئے ہیں اور ہر جگہ علم ابوالفضل العباسؑ بلند ہے اور عزاداروں اور سوگواروں کی آہ و بکا کی صدائیں گونج رہی ہیں، مشہد مقدس میں فرزند رسولؐ حضرت امام علی رضا علیہ السلام، قم میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا اور شیراز میں حضرت احمد ابن موسی شاہ چراغ کے روضوں میں زائرین کا جم غفیر ہے جہاں علمائے کرام ذکر مصائب اہلبیت علیھم السلام بیان کر رہے ہیں، عزاداری سید الشہدا کا یہ سلسلہ بدستور جاری ہے اور جیسے جیسے یوم عاشورا قریب آتا جارہا ہے، عزاداروں کا جوش اور ولولہ بھی بڑھتا جارہا ہے، جبکہ عزاداری کا یہ پرجوش سلسلہ شام غریباں تک جاری رہے گا، دنیا کے دیگر ملکوں میں بھی  کروڑوں کی تعداد میں محبان رسولؐ و آل رسولؐ علیھم السلام، مساجد و امام بارگاہوں میں منعقد ہونے والی مجالس اور جلوسوں میں شریک ہیں جو نواسۂ رسولؐ اور آپ کے اصحاب باوفا پر ڈھائے جانے والے مظالم اور بہتّر ساتھیوں کی شہادت پر اشک غم بہا رہے ہیں اور خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں، عراق کے مقدس شہر کربلائے معلی میں قیامت کا منظر ہے جہاں لاکھوں کی تعداد میں سوگواران مظلوم کربلا جمع ہوئے ہیں تاکہ اسی سرزمین پر اپنے وجود کا اعلان کرتے ہوئے امام مظلوم کربلا کا غم منائیں، سنہ اکسٹھ ہجری میں فرزند رسولؐ حضرت امام حسینؑ کو اسی سرزمین پر یزیدی فوج نے بھوکا پیاسہ شہید کردیا تھا، پاکستان، ہندوستان، افغانستان، آذربائیجان، ترکی، کویت، لبنان اور دنیا کے دیگر ملکوں میں بھی مجالس عزا کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور جلوس ہائے عزا برآمد کیے جا رہے ہیں اور ماتمی انجمنیں نوحہ خوانی و سینہ زنی کر رہی ہیں۔

Share.

About Author

Leave A Reply