عیدالفطر پر ترکی اور سعودی عرب سمیت کئی مسلم ملکوں میں کرفیو نافذ

0

کویت پہلے ہی 10 سے 30 مئی تک 20 روز کے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کرچکا تھا اردن میں عید الفطر کے پہلے دن عوام کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے ترکی میں عیدالفطر کے دوران ملک کے تمام 81 صوبوں میں کرفیو لگے گا۔۔۔

انقرہ/ریاض (میزان نیوز) دنیا بھر کی مسلم حکومتوں نے عید الفطر کے موقع پر کرفیو نافذ کرنے اور سخت لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پاکستان کی وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے عیدالفطر کے موقع پر کورونا وباء کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کا اعلان نہیں کیا ہے، گزشتہ روز پاکستان کی سپریم کورٹ نے بازاروں کو عید تک کھولنے کا حکم صادر کیا تھا، ترک صدر رجب طیب اردوان نے عید کی چھٹیوں کے دوران 23 سے 26 مئی تک ملک بھر میں چار دن کا کرفیو لگا دیا ہے، اس سے قبل 31 صوبوں میں کرفیو کے نفاذ کا اعلان کیا گیا تھا لیکن عید کے دوران ملک کے تمام 81 صوبوں میں کرفیو لگے گا، ترکی سے قبل سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات بھی عید الفطر کے موقع پر مکمل کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کر چکے ہیں تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے، مصر نے بھی 24 مئی سے چھ دن کیلئے عید کی چھٹیوں کی وجہ سے ملک گیر لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ کویت پہلے ہی 10 سے 30 مئی تک 20 روز کے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کرچکا تھا، اردن میں عید کے پہلے دن عوام کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کی گئی ہے البتہ اس کے بعد بقیہ دنوں میں عوام کو اپنی گاڑیوں کو حفاظتی اقدامات کے ساتھ گھومنے کی اجازت ہوگی، قطر نے 30 مئی تک بیشتر تجارتی سرگرمیاں معطل کرنے سمیت نئے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے سلسلے میں کئی نئے اقدامات کا اعلان کیا ہے، حکام نے اعلان کیا کہ عید کی اعلان کردہ چھٹیوں کے دوران کھانے پینے اور کیٹرنگ شاپس، فارمیسیز، ریسٹورانٹس کی ڈلیوری سروسز اور کچھ دیگر ضروری خدمات کے علاوہ تمام دکانیں بند رہیں گی، تاہم سب سے سخت لاک ڈاؤن کا اعلان عمان نے کیا ہے جہاں عید کی چھٹیوں کے دوران قوانین کی خلاف ورزی اور گھروں سے نکلنے پر لوگوں پر جرمانہ اور جیل کی سزا بھی دی جائے گی۔

Share.

About Author

Leave A Reply