طالبان نے انڈیا پر حملہ یا کشمیر میں جہاد کرنیکی خبروں کو مسترد کردیا

0

طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت کے بارے میں کچھ میڈیا میں جو بیان شائع ہوا ہے اس کا طالبان کی پالیسی سے کوئی تعلق نہیں ہم کسی ملک پر حملہ نہیں کررہے۔۔۔

قندہار (میزان نیوز) افغان طالبان نے بھارت اور کشمیر پر حملے سے متعلق ٹوئٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت پر یقین نہیں رکھتے، واضح رہے کہ چند دن قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے نائب سربراہ شیر محمد عباس استنکزئی کے حوالے سے مختلف ٹوئٹس زیر گردش تھیں، ان ٹوئٹس میں کہا گیا تھا کہ طالبان عیدالفطر کے بعد بھارت پر حملہ کردیں گے اور کشمیر میں جاری جہاد کا حصہ بن جائیں گے، اس کے علاوہ ایسی خبریں بھی زیر گردش تھیں کہ طالبان نے بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کی ہے، تاہم طالبان کے ترجمان نے ایسی تمام تر قیاس آرائیوں خصوصاً بھارت پر حملے کی افواہوں کو مسترد کردیا ہے، طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت کے بارے میں کچھ میڈیا میں جو بیان شائع ہوا ہے اس کا طالبان سے کوئی تعلق نہیں، طالبان کی پالیسی واضح ہے کہ وہ دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتی ہے، شیر محمد عباس استنکزئی نے بھی اپنے حوالے سے زیر گردش بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کوئی ٹوئٹر اکاؤنٹ نہیں جبکہ افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی کہا کہ اس بیان کو کوئی اہمیت نہ دی جائے، واضح رہے کہ یہ بیانات اس لئے زیادہ اہمیت اختیار کر گئے تھے کہ گزشتہ دنوں افغانستان کے امور کیلئے امریکا کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے بھارت کا دورہ کیا تھا اور اس دورے کو افغان امن عمل کے تناظر میں انتہائی اہمیت دی جا رہی تھی، بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق زلمے خلیل زاد کے دورے کا مقصد بھارت کو یہ پیغام دینا تھا کہ وہ افغان حکومت پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کر کے طالبان قیدیوں کی رہائی اور افغان امن عمل کو منطقی انجام تک پہنچانے میں کردار ادا کرے۔

Share.

About Author

Leave A Reply