شوبز دنیا مصنوعی ہے 2 سال میں سمجھ آگیا غلط جگہ پر آئی ہوں،شائستہ

0

پاکستان میں مارننگ شوز کو متعارف کرانے والی شائستہ لودھی کراچی میں خستہ حال پارکس کے حوالے سے گزشتہ کئی روز سے سوشل میڈیا پر سرگرم ہیں انہیں مقامی انتظامیہ کیساتھ مل کر پارکس کی بحالی کا کام کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔۔۔۔

کراچی (میزان نیوز) پاکستان میں مارننگ شوز کے دوران نت نئے آئیڈیاز متعارف کرانے سے شہرت حاصل کرنے والی میزبان و اداکارہ ڈاکٹر شائستہ لودھی نے ایک دہائی سے زائد عرصے تک ٹی وی کی دنیا پر راج کیا، اگرچہ پاکستان میں آج بھی بڑی تعداد میں شائستہ لودھی کے مداح موجود ہیں اور وہ سوشل میڈیا سمیت آن لائن ویب اسٹریمنگ یوٹیوب پر بھی شو کرتی دکھائی دیتی ہیں لیکن وہ اب کسی ٹی وی چینل پر شو نہیں کرتیں، شائستہ لودھی کو تقریباً گزشتہ ڈیڑھ سال سے کسی بھی ٹی وی شو کی میزبانی کرتے نہیں دیکھا گیا اور نہ ہی انہیں بطور اداکارہ کسی ڈرامے میں دیکھا گیا، البتہ انہیں ان دنوں شوز میں بطور مہمان دیکھا گیا، رواں برس کے آغاز میں شائستہ لودھی کے حوالے سے خبر آئی تھی کہ انہوں نے غیر اعلانیہ طور پر مارننگ شوز اور شوبز کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کرلیا ہے، تاہم اب انہوں نے شوبز کو چھوڑنے کے حوالے سے پہلی مرتبہ وضاحت کی ہے، ثمینہ پیرزادہ کے ساتھ روائنڈ ود ثمینہ پیرزادہ میں گفتگو کرتے ہوئے شائستہ لودھی نے نہ صرف شوبز چھوڑنے کے حوالے سے وضاحت کی بلکہ انہوں نے شوبز کی دنیا کے حوالے سے انکشافات کرکے سب کو حیران بھی کیا، شائستہ لودھی نے شوبز انڈسٹری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اسے چمکتی دنیا قرار دیا اور کہا کہ اب یہ صحیح نہیں لگے گا کہ وہ شوبز کے حوالے سے کچھ غلط کہیں، لیکن یہ بھی سچ ہے کہ شوبز کی دنیا انہیں مصنوعی لگتی تھی، انہوں نے اعتراف کیا کہ شوبز انڈسٹری میں آنے کے 2 سال بعد ہی انہیں احساس ہوگیا تھا کہ وہ غلط جگہ پر آ گئی ہیں اور یہ دنیا صرف چمک کی دنیا ہے، جہاں ہر چیز مصنوعی ہے، انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا کہ شوبز کی وجہ سے وہ اپنے خاندان کو نظرانداز کرنا پڑا اور ان کی زندگی متاثر ہو رہی تھی، ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے 10 سے 12 سال تک شوبز میں کام کیا، جہاں انہوں نے خوب شہرت اور پیسہ بنایا لیکن اب اسے چھوڑنے پر انہیں کوئی پچھتاوا نہیں اور نہ ہی انہیں اب شوبز انڈسٹری میں کوئی چمک محسوس ہوتی ہے، انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر انہوں نے ریڈیو پر کیریئر کا آغاز کیا اور وہ تقریباً 9 ماہ تک تنخواہ کے بغیر ایف ایم پر کام کرتی رہیں جس کے بعد انہوں نے انڈس ٹی وی پر بطور نیوز کاسٹر کیریئر کا آغاز کیا، شائستہ لودھی کا کہنا تھاکہ انڈس نیوز میں ایک ہفتے تک خبریں پڑھنے کے بعد انہیں شو کرنے کا کہا گیا اور پھر وہ باقاعدہ طور پر شو کی میزبان بن گئیں اور شوز میں نت نئے ٹرینڈز متعارف کروائے، شائستہ لودھی کا یہ انٹرویو ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ وہ کراچی میں مقامی انتظامیہ کے ساتھ پارکس کی بحالی کیلئے کام کرتی دکھائی دے رہی ہیں، شائستہ لودھی کراچی میں خستہ حال پارکس اور صفائی کے حوالے سے گزشتہ کئی روز سے سوشل میڈیا پر سرگرم ہیں اور انہیں مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر پارکس کی بحالی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

Share.

About Author

Leave A Reply