سندھو دیش کی باتیں کرنے والے بھی پٹ جائیں گے، شاہ محمود قریشی

0

بلاول کے سیاسی سفر کی شروعات ہے اُن کی جانب سے کسی دباؤ یا جذبات میں بہہ کر سندھو دیش یا پختونستان کی بات کرنا مناسب نہیں بلاول بھٹو کی حب الوطنی پر شک نہیں لیکن سیاسی دباؤ میں آکر اس طرح کی بات کرنا انہیں کو زیب نہیں دیتا۔۔۔

اسلام آباد (میزان نیوز) پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پختونستان کی باتیں کرنے والے پٹ گئے اور سندھو دیش کی باتیں کرنے والے بھی پٹ جائیں گے، واضح رہے کہ پیپلزپارٹی نے نوجوان چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حیدرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی طرح سندھو دیش بننے سے متعلق متنازعہ بیان دیا تھا، قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے اپوزیشن جماعت پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے سید خورشید شاہ کے بیان پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ سندھ سے متعلق آپ کے ذہن میں کوئی تشویش نہیں ہونی چاہیئے، سندھ اس ملک کی اکائی ہے، صوبے سے متعلق ماضی کا جو حوالہ دیا گیا، اسے تسلیم کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں جو کردار ادا کیا گیا اس پر کوئی اختلاف نہیں، وفاق کی سوچ ہونی چاہیئے، اس ملک کی بقا یہ ہے کہ وفاقی سوچ ہے، شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میں حکومت کی طرف سے ایک پالیسی بیان دے رہا ہوں کہ آئین کا احترام تھا، ہے اور رہے گا، صوبائی خودمختاری پر ہم آنچ نہیں آنے دیں گے، سندھ حکومت کو بلاوجہ چھیڑ چھاڑ کا کوئی ارادہ نہیں ہے، بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر قانون کا ذکر کیا گیا اور آرٹیکل 149 کو بہت اچھالا گیا لیکن میں نے خود ان کا وضاحتی بیان پڑھا اور سنا ہے کہ جو مجھ سے منسوب کیا جارہا وہ میں نے نہیں کہا، اس بیان سے متعلق غلط بیانی کی جارہی اور اسے توڑ مروڑ کر پیش کیا جارہا، لہٰذا جب ایک وفاقی وزیر نے وضاحت کردی تو آپ کی تشویش ختم ہوجانی چاہیئے، بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ کے سیاسی سفر کی شروعات ہیں، آپ کی جانب سے کسی دباؤ یا جذبات میں بہہ کر سندھو دیش یا پختونستان کی بات کرنا مناسب نہیں ہے، مجھے بلاول بھٹو کی حب الوطنی پر شک نہیں ہے لیکن سیاسی دباؤ میں آکر اس طرح کی بات کرنا آپ کو زیب نہیں دیتا، اسمبلی میں بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ نے صحیح کہا کہ پیپلزپارٹی ایک ایسی جماعت ہے جس نے وفاق کو ترجیح دی ہے اور اسی جماعت نے صوبائی تعصب کو دفن کیا ہے، جو جماعت وفاق کی علامت کی بات کرتی ہو اس کے موجودہ چیئرمین سندھ کارڈ استعمال کرنے کی کوشش کریں یہ مناسب نہیں، شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پختونستان کی باتیں کرنے والے پٹ گئے اور سندھو دیس کی باتیں کرنے والے پٹ جائیں گے، میرا ایمان ہے کہ ایک ایک سندھی پاکستان کا ساتھ دے گا ہمیں ان کی حب الوطنی پر شک نہیں ہے۔

Share.

About Author

Leave A Reply