جمال خاشقجی قتل 100 دن پورے عالمی برادری انصاف نہیں دلاسکی

0

ایمنسٹی انٹرنیشنل ترکی کے مطابق بدقسمتی سے عالمی برادری اس معاملے میں ناقابل یقین حد تک کمزور رہی ہے اور سعودی عرب سے تجارتی اور سفارتی تعلقات کو بنیادی انسانی اقدار پر ترجیح دی جارہی ہے ۔۔۔۔۔۔

لندن (میزان نیوز) انسانی حقوق کے عالمی نگراں ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے 100 دن مکمل ہونے کے موقع پر ایک تقریب منعقد کی جس میں جمال خاشقجی قتل کی عالمی تحقیقات کا مطالبہ کیا، فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ترک نمائندہ گوکسو اوزاہشالی نے استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے کے باہر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک مرتبہ پھر اقوام متحدہ کی زیرِ نگرانی جمال خاشقجی کے قتل کی عالمی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم جمال خاشقجی کو انصاف دینے کا مطالبہ کرتے ہیں جنہوں نے عرب دنیا میں آزادی اظہار کی جنگ لڑی، بعد ازاں ایمنسٹی انٹرنیشنل کے کارکنان نے سعودی قونصل خانے کی سڑک کو سعودی صحافی کے نام سے منسوب کرتے ہوئے جمال خاشقجی اسٹریٹ کا سائن نصب کیا، ایمنسٹی ترکی کے ریسرچ مینیجر اینڈریو گارڈنر نے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ انتہائی حیران کن ہے کہ سعودی صحافی کے قتل کو 100 دن ہونے کے باوجود عالمی برادری نے انہیں انصاف دلانے کیلئے ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے ہیں، انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے عالمی برادری اس معاملے میں ناقابل یقین حد تک کمزور رہی ہے اور سعودی عرب سے تجارتی اور سفارتی تعلقات کو بنیادی انسانی اقدار پر ترجیح دی جارہی ہے، سعودی شاہی خاندان اور ولی عہد محمد بن سلمان کے اقدامات کے سخت ناقد سمجھے جانے والے سعودی صحافی جمال خاشقجی 2 اکتوبر 2018 کو اس وقت عالمی میڈیا کی شہ سرخیوں کی زینت بنے جب وہ ترکی کے شہر استنبول میں قائم سعودی عرب کے قونصل خانے میں داخل تو ہوئے لیکن واپس نہیں آئے، بعد ازاں ان کے حوالے سے خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ انہیں قونصل خانے میں ہی قتل کر دیا گیا، صحافی کی گمشدگی پر ترک حکومت نے فوری ردعمل دیتے ہوئے استنبول میں تعینات سعودی سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کیا جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کا خدشہ پیدا ہوا، تاہم 12 اکتوبر کو یہ خبر سامنے آئی تھی کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی پر آواز اٹھانے والے 5 شاہی خاندان کے افراد گزشتہ ہفتے سے غائب ہیں، اس کے بعد جمال خاشقجی کے ایک دوست نے دعویٰ کیا تھا کہ سعودی صحافی شاہی خاندان کی کرپشن اور ان کے دہشت گردوں کے ساتھ تعلقات کے بارے میں بہت کچھ جانتے تھے۔  

Share.

About Author

Leave A Reply