بھارت کا 27 فروری کو غلطی سے اپنا ہیلی کاپٹر مار گرانے کا اعتراف

0

بھارتی فضائیہ کے سربراہ کے مطابق غلطی ہماری تھی ہے بھارتی ایئرفورس نے اپنے ہی میزائل سے چوپر کو مار گرایا ہم نے تحقیقات مکمل کرلی ہیں اور دو افسران کے خلاف کارروائی کریں گے اور کوشش ہوگی کہ مستقبل میں ایسی غلطیاں نہ ہوں۔۔۔

نئی دہلی (میزان نیوز) بھارتی فضائیہ کے سربراہ کمار بھدوریہ نے 27 فروری کو پاکستان اور بھارت کے درمیان مختصر دورانیے کی فضائی جھڑپ کے دوران غلطی سے اپنا ہی ہیلی کاپٹر ایم آئی-17 چوپر گرانے کا اعتراف کرتے ہوئے اسے بڑی غلطی قرار دے دیا ہے، ایم آئی 17 چوپر سری نگر کے علاقے بڈگام میں تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں بھارتی فضائیہ کے 6 اہلکار ہلاک ہوئے تھے، اگست میں کی گئی تحقیقات کے نتائج کے مطابق 27 فروری کو بھارتی فضائیہ کے زمین سے فضا میں مار کرنیوالے میزائل نے ایم آئی 17 چوپر کو مار گرایا تھا، بھارت نے ہیلی کاپٹر گرنے کی تصدیق کی تھی لیکن سرکاری بیان میں اس بات کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا تھا، جبکہ پاک فضائیہ نے نوشہرہ میں بھارت کے ساتھ فضائی جھڑپ کی تصدیق کی تھی لیکن ساتھ ساتھ واضح کیا تھا کہ ان کے طیاروں کا چوپر کے واقعے سے کوئی تعلق نہیں، جمعہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ یہ ہماری غلطی ہے کیونکہ ہمارے اپنے ہی میزائل نے چوپر کو مار گرایا تھا، انہوں نے کہا کہ ہم نے تحقیقات مکمل کرلی ہیں اور دو افسران کے خلاف کارروائی کریں گے، ہم اپنی غلطی تسلیم کرتے ہیں اور کوشش کریں گے کہ مستقبل میں ایسی غلطیاں نہ ہوں، بھارتی فضائیہ کے سربراہ کمار بھدوریہ نے کہا کہ اس حادثے میں مرنے والے تمام افراد کو جنگ میں ہونے والی اموات قرار دینے کا سوچا جارہا ہے، تحقیقات کے دوران بھارتی فضائیہ کی کئی غلطیاں منظر عام پر آئیں جیسا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان فضائی جھڑپ میں شدت آنے پر ایئر ٹریفک کنٹرول نے ہیلی کاپٹر کو واپس طلب کیا، تحقیقات میں کہا گیا کہ ہونا تو یہ چاہیئے تھا کہ اس مشکل صورتحال میں ہیلی کاپٹر کو واپس فضائی اڈے پر طلب کرنے کے بجائے کسی محفوظ مقام پر جانے کی ہدایت کی جاتی، یہاں یہ بھی واضح رہے کہ مختلف حادثات کے علاوہ پاکستان نے بھی 27 فروری کو پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر مگ 21 طیارے کو مار گرایا تھا، واضح رہے کہ 14 فروری کو بھارت کے زیر تسلط کشمیر کے علاقے پلوامہ میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی بس پر حملے میں 44 پیرا ملٹری اہلکار ہلاک ہوگئے تھے اور بھارت کی جانب سے اس حملے کا ذمہ دار پاکستان کو قرار دیا گیا تھا جبکہ پاکستان نے ان الزامات کی تردید کی تھی، 26 فروری کو بھارت کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ بھارتی فضائیہ کے طیاروں نے پاکستان کی حدود میں در اندازی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا مبینہ کیمپ کو تباہ کردیا۔

Share.

About Author

Leave A Reply